ضلع صوابی میں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے، جس میں کمسن بچے سمیت میاں بیوی جاں بحق ہو گئے ہیں، یہ واقعہ تھانہ صوابی کی حدود میں واقع نواحی گائوں مانیری میں پرانی دشمنی کی بناء پر پیش آیا۔
صوابی میں موٹر سائیکل سوار افراد پر مخالفین کی آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کی گئی، جس سے میاں بیوی اپنے دو سالہ شیر خوار بچے سمیت جاں بحق جبکہ 5 سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی۔
صوابی پولیس کے مطابق گزشتہ شب 31سالہ عمر ولد نادر خان سکنہ مانیری بالا محلہ آزاد کشمیر اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار جا رہے تھے، کہ اس دوران ان پر مخالفین نے فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں عمر ولد نادر خان اپنی 20 سالہ بیوی اور2سالہ شیر خوار بچے حنظلہ سمیت جاں بحق ہو گئے، جبکہ فائرنگ سے 4سالہ بچی دعا نور شدید زخمی ہو گئی۔
لاشوں اور زخمی بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال صوابی منتقل کر دیا گیا، وجہ قتل پرانی دشمنی بیان کی گئی ہے اور صوابی پولیس نے مبینہ طور پر اویس ، حضر حیات اور عماد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے
