لکی مروت:خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں کے حملے میں 3افراد شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق تازہ واقعہ لکی مروت کے علاقے عبدالخیل کے قریب گزشتہ روز پیش آیا جہاں مسلح دہشتگردوں نے مقامی افراد کو نشانہ بنایا۔پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ درہ پیزو ٹائون کے شہید ہیبت علی خان پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کے تحت متاثرہ افراد شاہ حسن خیل سے اپنے گائوں عبدالخیل واپس جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس افسر نے بتایا کہ فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عمیر، صادق امین اور علیان کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والوں میں امداد اللہ، آصف اللہ اور اعجاز خان شامل ہیں۔پولیس افسر نے بتایا کہ حملے کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واقعے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سرکاری سٹی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ مقامی رہائشی کے مطابق گائوں کے بیشتر افراد جن میں زیادہ تعداد نوجوان لڑکوں کی تھی، شاہ حسن خیل میں کرکٹ میچ دیکھنے گئے تھے۔کرکٹ میچ دیکھنے کے بعد یہ افراد رکشے میں سوار ہوکر اپنے گائوں واپس جا رہے تھے کہ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی معلومات اکٹھی کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔