لوئر دیر:میدان بائی پاس پر مبینہ ڈکیتی کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو بھائی جاں بحق ہوگئے، جبکہ واقعے کے خلاف لواحقین اور شہریوں نے لاشیں کمبڑ بازار چوک میں رکھ کر احتجاج کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق میدان کوٹکی ڈھیرئی، تحصیل لعل قلعہ سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد سلیم خان اور ناصر خان رات تقریبا” ایک بجے تیمرگرہ سے واپس اپنے علاقے کی جانب آرہے تھے کہ حیاسیرئی بائی پاس، کمر کوٹکے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر ان کی گاڑی کو روک کر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ مبینہ طور پر ان کے ساتھ موجود ایک شخص محفوظ رہا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
دوسری جانب دوہرے قتل کے خلاف شہریوں اور لواحقین نے کمبڑ بازار چوکمیں لاشیں رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقتولین سے مبینہ طور پر 12کروڑ روپے لوٹے جانے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے، تاہم اس حوالے سے سرکاری طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔