پشاور(بیورورپورٹ) پشاور کے علاقے بھانہ ماڑی میں پولیس مقابلہ کے دوران شدید فائرنگ تبادل ہوا، جس میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے 2 خطرناک ڈکیت ہلاک جبکہ ان کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لنڈی ارباب روڈ پر بنڑھ چوک کے قریب پیش آیا، جہاں تھانہ بھانہ ماڑی کے ایس ایچ او اجمل حیات پولیس نفری کے ہمراہ خصوصی ناکہ بندی پر موجود تھے۔
مشکوک افراد کی پولیس پر فائرنگ
پولیس کے مطابق 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر مبینہ طور پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کے دوران 2 ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے 2 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔
ہلاک ملزمان کی شناخت
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت عدنان خان ولد گل الرحمان، سکنہ صافی آباد یکہ توت، اور ابوذر ولد شیر عالم، سکنہ اپر دیر کے نام سے ہوئی ۔
پولیس نے بتایا کہ موقع سے 2 عدد 30 بور پستول، کارتوس، 2 موبائل فون اور ایک بغیر نمبر پلیٹ 70 سی سی موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
ہلاک ملزمان متعدد مقدمات میں مطلوب
پولیس کے مطابق ریکارڈ چیک کرنے پر دونوں ہلاک ملزمان مبینہ طور پر منظم ڈکیت گروہ کے ارکان نکلے، جو خیبرپختونخوا کے علاوہ پنجاب اور لاہور میں ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم عدنان خان تھانہ پبی ، تھانہ گلبہار اور تھانہ اکوڑہ خٹک سمیت متعدد مقدمات میں اشتہاری تھا۔
فرار ملزمان کی تلاش جاری
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ڈی ایس پی یکہ توت، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن اور او آئی آئی تھانہ بھانہ ماڑی موقع پر پہنچ گئے اور اہم شواہد اکٹھے کیے گئے۔
پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے کے ایم سی ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ فرار ہونے والے 2 ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔ یاد رہے کہ پشاور کے علاقے بھانہ ماڑی میں پولیس مقابلہ کے دوران شدید فائرنگ تبادل ہوا، جس میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے 2 خطرناک ڈکیت ہلاک کر دیئے گئے .