پشاور:خیبرپختونخوا میں سیاسی کشیدگی کے باعث پشاور سمیت متعدد شہروں میں موبائل فون سروس کی معطلی، اہم شاہراہوں کی بندش اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ صوبائی دارالحکومت میں بی آر ٹی سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پشاور کے علاوہ مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور صوابی میں بھی موبائل فون سروس معطل ہے، جبکہ ضلع ملاکنڈ سے بھی موبائل سروس کی معطلی کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
سیاسی صورتحال کے پیش نظر پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی)سروس معطل کردی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سروس کی بندش غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔
شہر میں میٹروپولیٹن سٹی روڈ سمیت مختلف راستے بند ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جبکہ حصار بالا روڈ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
موبائل سروس، پبلک ٹرانسپورٹ اور اہم راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو آمدورفت اور رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے