پشاور:خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے صوبائی کابینہ کے ارکان سمیت حکومتی اور اپوزیشن کے تمام اراکین اسمبلی سے پولیس سکیورٹی واپس لینے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اراکین پارلیمان اور صوبائی اسمبلی کے ساتھ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو پیغامات ارسال کرکے فوری طور پر پولیس لائنز رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
اس اقدام کے تحت صوبائی کابینہ کے ممبران کے علاوہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کو بھی واپس طلب کیا گیا ہے۔
تاہم سکیورٹی واپس لینے کی وجوہات، فیصلے کی مدت اور اس حوالے سے باضابطہ پولیس اعلامیے کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں