پشاور(بیورورپورٹ)صوبائی دارالحکومت پشاور میں فائرنگ واقعات میں اضافہ، حیات آباد میں نادرا آفس کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے باعث اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد قتل کر دیئے گئے، مقتول ایم این اے نورعالم خان کے بھانجے ، سابق تحصیل چئیرمین متھرا فریداللہ خان (مرحوم) کے بھتیجے اور شاروم خان آف کافورڈھیری کے بیٹے ہیں۔
واقعات کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 5 میں نادرا آفس کے عقب میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد قتل کر دیئے گئے، جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ حیات آباد کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کو دفتر کے باہر نشانہ بنایا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد ہوئے ہیں، جنہیں قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے، پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا ۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ ذاتی دشمنی بتائی جارہی ہے، تاہم قتل کے اصل محرکات کی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں بھی واقعے کی تحقیقات کررہی ہے