ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث ازدواجی زندگی مزید جاری رکھنا ممکن نہیں، پی ٹی آئی رہنما کا مؤقف
فیملی کورٹ نے شوہر عتیق ریاض کو نوٹس جاری کر دیا، صنم جاوید کی شادی 2009 میں ہوئی تھی، دو بچے بھی ہیں
اسلام آباد (نمائندہ پختونخوا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید نے اپنے شوہر عتیق ریاض سے علیحدگی کے لیے فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کر دیا ہے، جس پر عدالت نے ان کے شوہر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صنم جاوید نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے اور شوہر کے درمیان ذہنی ہم آہنگی باقی نہیں رہی، جس کے باعث ازدواجی زندگی میں متعدد مسائل پیدا ہو چکے ہیں اور اب ان کے لیے شوہر کے ساتھ مزید رہنا ممکن نہیں رہا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں خلع کی ڈگری جاری کی جائے تاکہ وہ قانونی طور پر ازدواجی رشتے سے علیحدگی اختیار کر سکیں۔
واضح رہے کہ صنم جاوید اور عتیق ریاض کی شادی 2009 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔ صنم جاوید ان دنوں 9 مئی کے مقدمات کے سلسلے میں جیل میں قید ہیں۔ خلع کے دعوے پر فیملی کورٹ میں آئندہ سماعت 25 نومبر کو مقرر
کی گئی ہے۔