وفاقی محتسب کی مداخلت پر انکوائری، ہیڈ کلرک کو ایل ڈی سی کے عہدے پر واپس بھیج دیا گیا، ریجنل ہیڈ محمد قاسم جان
پشاور: وفاقی محتسب پاکستان، ریجنل آفس پشاور کی بروقت مداخلت کے نتیجے میں مردان کے ایک پنشنر کی شکایت کا ازالہ کرتے ہوئے پنشن کیس کی کارروائی کے لیے مبینہ طور پر رقم طلب کرنے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے ہیڈ کلرک کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
مردان کے رہائشی آصف علی نے وفاقی محتسب، ریجنل آفس پشاور میں شکایت دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایف سی کے ہیڈ کلرک جمیل شاہ نے ان کے پنشن کیس کی کارروائی مکمل کرکے اسے جلد نمٹانے کے لیے مبینہ طور پر 35 ہزار روپے کا مطالبہ کیا، تاہم متعلقہ ادارے کی جانب سے مذکورہ اہلکار کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔
وفاقی محتسب ریجنل آفس پشاور نے شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے معاملے میں مداخلت کی اور مناسب کارروائی کی سفارش کی، جس کے بعد فرنٹیئر کانسٹیبلری نے معاملے کی باقاعدہ انکوائری کی۔
انکوائری کی سفارشات کی روشنی میں جمیل شاہ کو ہیڈ کلرک کے عہدے سے واپس لوئر ڈویژن کلرک (ایل ڈی سی) کے عہدے پر بھیج دیا گیا۔ یوں وفاقی محتسب کی مداخلت کے نتیجے میں شکایت کنندہ کی شکایت پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کیس کی تحقیقات ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب ریجنل آفس پشاور محمد قاسم جان نے کیں جبکہ وفاقی محتسب پاکستان کے فیصلے پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا گیا۔
شکایت کنندہ آصف علی نے اپنی شکایت کے فوری، مخلصانہ اور بلا معاوضہ ازالے پر وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ اور ریجنل ہیڈ پشاور محمد قاسم جان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ریجنل ہیڈ محمد قاسم جان نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ شہریوں، بالخصوص بزرگ شہریوں اور پنشنرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور انہیں تیز رفتار، شفاف، مخلصانہ اور بلا معاوضہ انتظامی انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اداروں میں بدانتظامی، ناانصافی، غیر ضروری تاخیر یا کسی بھی قسم کی شکایت کا سامنا کرنے والے شہری بلاجھجھک وفاقی محتسب سے رجوع کریں، جہاں انہیں آسان اور مؤثر طریقے سے شکایات کے ازالے کی سہولت حاصل ہے۔
عوام وفاقی حکومت کے اداروں میں بدانتظامی، ناانصافی یا غیر معمولی تاخیر کے خلاف اپنی شکایات وفاقی محتسب پاکستان، ریجنل آفس پشاور میں درج کرا سکتے ہیں۔ شکایات آن لائن شکایت رجسٹریشن سسٹم، موبائل ایپلی کیشن یا سرکاری واٹس ایپ نمبر 0310-8147713 کے ذریعے بھی درج کرائی جا سکتی ہیں۔