لکی مروت: ضلع لکی مروت میں لاشیں ملنے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں سلیمان ڈیزل ایجنسی کے قریب انڈس ہائی وے کے کنارے سے مزید دو افراد کی لاشیں برآمد ہونے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈاڈیوالہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ قتل کی وجوہات، مقتولین کی شناخت اور واردات میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مقتولین کی شناخت اور قتل کے محرکات سامنے آنے کے بعد تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔