جمرود:ملاگوری واقعے میں دو نوجوانوں کی ہلاکت کے خلاف بابِ خیبر کے مقام پر احتجاج جاری ہے، جس کے باعث بابِ خیبر روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق احتجاج گزشتہ رات دو نوجوانوں کی مبینہ ماورائے عدالت ہلاکت کے خلاف کیا جا رہا ہے، احتجاج کے باعث سڑک پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک خان ولی آفریدی سمیت دیگر مقامی مشران احتجاجی مقام پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ملاگوری واقعے میں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کے ورثا نے ویڈیو پیغامات جاری کرتے ہوئے انہیں بے گناہ قرار دیا ہے۔
مقتولین کے چچا یارا جان نے اپنے ویڈیو پیغام میں دعوی کیا کہ دونوں نوجوان ملاگوری کے ایس ایچ او ریاض حسین آفریدی کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں ملوث نہیں تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کسی تیسرے فریق کی جانب سے کی گئی ہو سکتی ہے، اس لیے واقعے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
یارا جان کے مطابق ان کا خاندان نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے کاروبار سے وابستہ ہے، تاہم واقعے کے وقت دونوں نوجوانوں کے پاس کوئی اسلحہ موجود نہیں تھا۔
مقتولین کے ورثا نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور اصل حقائق سامنے لائے جائیں۔