اسلام آباد:کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان کے لیے داخلی استحکام کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسی بھی جواز پر پرتشدد انتشار یا جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز نمٹا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکا نے افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو پاکستان کا دفاعی حق قرار دیا۔
فورم کے مطابق دہشت گردی کے سنگین نتائج کی ذمہ داری طالبان کی قیادت پر عائد ہوتی ہے، جسے پاکستان نے دہشت گرد گروہوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے دینے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل انٹیلی جنس بیسڈ انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ مثر انتظامی اور گورننس اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب لایا جائے، جبکہ دہشت گردی کی وجوہات اور متعلقہ معاملات پر عوام کے ساتھ مثر رابطہ کاری اور بیانیے پر بھی کام کیا جائے۔
فورم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جرائم اور دہشت گردی کے باہمی تعلق کو توڑنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے کو بھی اہم قرار دیا۔
کانفرنس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ حالیہ دنوں میں پاکستان نے مکہ دفاعی اتحاد کے تحت سعودی عرب کے دفاع اور حرمین شریفین کے تحفظ سے متعلق اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔
شرکائے کانفرنس نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور حرمین شریفین کے تحفظ و تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے فارمیشنز کو جدید ٹیکنالوجی کے حصول، تربیت اور تمام جنگی شعبوں کے انضمام کے ذریعے دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرنے پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں