لوئر دیر (نمائندہ پختونخوا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی محمد اعظم خان کو مبینہ طور پر لوئر دیر میں ان کے گھر سے اغوا کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اس سے قبل سوات سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی، مردان سے ایم پی اے عبدالسلام آفریدی اور صوبائی وزیر فضل شکور خان کے مبینہ اغوا یا لاپتا ہونے کی خبریں بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں میں چارسدہ سے رکن قومی اسمبلی فضل خان، جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی زبیر خان، کولائی پالس سے ایم پی اے محمد ریاض اور سوات سے ایم پی اے سلطان روم کے مبینہ اغوا یا لاپتا ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
تاہم ان واقعات کے حوالے سے تاحال پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے مذکورہ افراد کی گرفتاری یا لاپتا ہونے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ بعض ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر بھی ان رہنماؤں کے مبینہ اغوا اور لاپتا ہونے سے متعلق دعوے کیے جا رہے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ اس لیے ان اطلاعات کی حتمی تصدیق اور متعلقہ حکام کے مؤقف کا انتظار ہے۔