جمرود(دلاورخان آفریدی) : خیبرپختونخوا کے علاقے جمرود میں پولیس پر فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے ، جن میں خیبر پولیس کا حاضر سروس اہلکار کامران شہید ہوگیا جبکہ پشاور پولیس سے تعلق رکھنے والے بہادر شاہ نامی اہلکار کو بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ، پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ جمرود کی حدود جلادین کلے، شاہ کس قدم اٹھاری کے علاقے میں آج صبح نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں خیبر پولیس کا حاضر سروس اہلکار کامران ولد قادر خان شہید ہوگیا، واقعہ کے بعد اہلکار کا جسد خاکی جمرود ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں، جبکہ حملہ آوروں اور فائرنگ کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ جمرود کے علاقے غنڈی سخی پل میں پیش آیا، جہاں پشاور پولیس سے تعلق رکھنے والے اہلکار بہادر شاہ ولد محمد اکبر کی قتل شدہ نعش برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق بہادر شاہ کو گزشتہ رات نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا، خیبر پولیس نے لاش ہسپتال منتقل کرکے پوسٹ مارٹم کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور قتل میں ملوث افراد کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
جمرود میں پیش آنے والے دونوں واقعات نے علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش پیدا کر دی ہے، پولیس حکام دونوں واقعات کی الگ الگ تفتیش کر رہے ہیں تاکہ ملزمان اور واقعات کے محرکات کا تعین کیا جا سکے، تاحال دونوں واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری سے متعلق کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔