بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انہیں جمعرات کی صبح گوا کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ ابتدائی طور پر ان کے انتقال کی وجہ دل کا دورہ قرار دی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر گوا میں واقع اپنے فلیٹ میں موجود تھے جہاں انہوں نے شدید سینے میں درد کی شکایت کی، جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر طبی ٹیم فوری طور پر ان کے فلیٹ پہنچی، تاہم اس وقت اداکار بے ہوشی کی حالت میں تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں بتایا گیا کہ والد کی جانب سے سینے میں شدید درد کی شکایت کے بعد طبی عملے کو فلیٹ پر طلب کیا گیا تھا۔
طبی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، جہاں صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
نانا پاٹیکر کے انتقال کی حتمی وجہ جاننے کے لیے آج ان کا پوسٹ مارٹم کیے جانے کا امکان ہے۔
نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا اور انہیں ہندی و مراٹھی فلم انڈسٹری کے باوقار اداکاروں میں شمار کیا جاتا تھا۔ انہوں نے 1978 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور کئی یادگار فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ان کی نمایاں فلموں میں ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’ویلکم‘ شامل ہیں۔
نانا پاٹیکر کو شاندار اداکاری کے اعتراف میں 3 نیشنل فلم ایوارڈز سے بھی نوازا گیا، جبکہ 2013 میں انہیں بھارت کے پدم شری اعزاز سے بھی سرفراز کیا گیا۔