اسلام آباد (نمائندہ پختونخوا نیوز) کاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیوز (AGPR) نثار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ میڈیا اداروں کو واجب الادا رقوم کی جلد اور بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (PID) میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل و پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں میڈیا اداروں کو ادائیگیوں کے عمل میں ہونے والی پیش رفت، درپیش امور اور اس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نثار احمد چیمہ نے ادائیگیوں کے عمل کو تیز کرنے اور واجبات کی مقررہ مدت میں ادائیگی کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر رئیسہ عادل نے ان کے دورے اور میڈیا اداروں کو رقوم کی بروقت فراہمی کے لیے PID اور AGPR کے درمیان رابطے اور باہمی تعاون کو سراہا۔
بعدازاں نثار احمد چیمہ نے PID اسلام آباد کے ماتحت دفتر SOC کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے میڈیا اداروں کو ادائیگیوں کے جاری عمل کا جائزہ لیا اور اس کی جلد تکمیل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے مجاز اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق ادائیگیوں میں تیزی لانے کے لیے SOC اور PID کے افسران و عملے کی مربوط کوششوں اور مؤثر رابطہ کاری کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور مشترکہ کاوشوں سے ادائیگیوں کے نظام کو مزید ہموار بنایا جا سکتا ہے اور واجبات کی بروقت تکمیل میں مدد ملے گی۔
نثار احمد چیمہ نے میڈیا اداروں کی ادائیگیوں کی منظوری اور رقوم کے اجرا میں سہولت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ افسران اور عملے کے تعاون کو بھی سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادائیگیوں کے عمل کو تیز، مؤثر اور بروقت بنانے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔