مردان (نمائندہ پختونخوا نیوز): ویمن یونیورسٹی مردان کے شعبہ کیمسٹری کی چار ایم فل سکالرز نے اپنے تحقیقی مقالہ جات کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔ کامیاب سکالرز میں رومانہ رحمان، صبیحہ شکور خٹک، سارہ علی اور منیبہ عالم شامل ہیں، جنہوں نے 2 نومبر 2026 کو اپنے تحقیقی مقالہ جات کا دفاع کیا۔
چاروں سکالرز نے اپنا تحقیقی کام ڈاکٹر نائلہ زبیر کی نگرانی میں مکمل کیا۔ دفاعی امتحانات کے لیے بیرونی ممتحنین کی حیثیت سے پروفیسر ڈاکٹر خالدہ اختر، نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان فزیکل کیمسٹری، یونیورسٹی آف پشاور اور پروفیسر ڈاکٹر عباس خان، شعبہ کیمسٹری، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے شرکت کی۔
بیرونی ممتحنین نے طالبات کے تحقیقی کام کے معیار، جدت اور سائنسی افادیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے مقالہ جات جدید میٹریل سائنس کے اہم موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں۔ تحقیق میں فنکشنل نینو میٹریلز کی تیاری اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، پائیدار واٹر ٹریٹمنٹ اور بائیو میڈیکل شعبوں میں ان کے مؤثر استعمال پر توجہ دی گئی ہے۔