اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اور داخلی سلامتی سے متعلق اجلاس میں خیبرپختونخوا کے لیے وفاقی حکومت کے 160 ارب روپے کے پیکیج پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا، جبکہ انسداد دہشت گردی کے لیے انٹیلی جنس آپریشنز کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام اور وفاقی وزرا نے شرکت کی، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے مختلف شعبوں میں اب تک کیے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ انسداد دہشت گردی کے لیے انٹیلی جنس آپریشنز کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر اے آر ڈی سی کی اب تک کی کارکردگی بھی زیر غور آئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 160 ارب روپے کے پیکیج پر عمل درآمد کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔