سوات: انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ وردی پہننا محض ملازمت نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، جسے وہ اللہ تعالی اور اس کے رسول ۖ کی راہ میں جہاد اور وطن کی خدمت کے جذبے کے تحت ادا کرتے ہیں۔ پاکستان ہی ہماری عزت، جان اور پہچان ہے اور وطن کے دفاع کے لیے قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
پولیس ٹریننگ سکول سوات میں ملاکنڈ ڈویژن کے مشران کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نے کہا کہ ایک سپاہی کی حیثیت سے ان کا یقین ہے کہ جسے عام طور پر نوکری کہا جاتا ہے، وہ درحقیقت ایک ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وردی کو محض ملازمت نہیں بلکہ اللہ تعالی اور اس کے رسول ۖ کی راہ میں جہاد کی ذمہ داری سمجھتے ہیں، اس لیے اس فرض کو کبھی عام ڈیوٹی یا صرف نوکری نہیں سمجھنا چاہیے۔
آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ وردی پہننا اور یہ فرض ادا کرنا ان کی تقدیر میں لکھا تھا اور وہ ان شا اللہ وطن کے لیے اپنی قربانیاں ہمیشہ جاری رکھیں گے، کیونکہ پاکستان ہی ان کی عزت، جان اور پہچان ہے۔
واضح رہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کے مشران کا یہ جرگہ 7 نومبر کو سوات پولیس ٹریننگ سینٹر میں منعقد ہوا، جس میں سول و عسکری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف علاقوں کے عمائدین نے شرکت کی۔ جرگے میں خطے میں امن و استحکام، سکیورٹی کی صورتحال اور عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔