واپڈا نے 2 لاکھ 54 ہزار 400 روپے کا چیک جاری کردیا، شہری کا وفاقی محتسب سے اظہار تشکر
پشاور ; وفاقی محتسب پاکستان کے علاقائی دفتر پشاور کی مؤثر مداخلت کے نتیجے میں اتحاد آباد پشاور کے رہائشی محمد نوید جاوید کو واپڈا سے نو ماہ کی بقایا تنخواہ کی مد میں 2 لاکھ 54 ہزار 400 روپے کی ادائیگی یقینی بنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق محمد نوید جاوید نے وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر پشاور میں واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے خلاف شکایت دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ نو ماہ کی تنخواہ کے حقدار ہونے کے باوجود متعلقہ ادارے کی جانب سے انہیں ادائیگی نہیں کی جارہی، جس کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
شکایت موصول ہونے پر وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر پشاور نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا اور شکایت کے ازالے کے لیے کارروائی عمل میں لائی۔ وفاقی محتسب کی مداخلت اور فیصلے پر عملدرآمد کے نتیجے میں واپڈا نے شکایت کنندہ کے حق میں نو ماہ کی بقایا تنخواہ کی مد میں 2 لاکھ 54 ہزار 400 روپے کا چیک منظور کردیا۔
پریس ریلیز کے مطابق معاملے کی تحقیقات ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب پشاور محمد قاسم جان نے کیں اور وفاقی محتسب کے فیصلے پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا، جس کے نتیجے میں شہری کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا۔
محمد نوید جاوید نے شکایت کے بروقت، شفاف اور بلا معاوضہ ازالے پر وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ اور ریجنل ہیڈ پشاور محمد قاسم جان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر محمد قاسم جان نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ شہریوں، بالخصوص بزرگ شہریوں اور پنشنرز کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بروقت، شفاف، تیز رفتار اور بلا معاوضہ انتظامی انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اداروں میں بدانتظامی، ناانصافی یا غیر ضروری تاخیر سے متعلق شہری اپنی شکایات وفاقی محتسب کے علاقائی دفاتر، آن لائن شکایت اندراج نظام، موبائل ایپلی کیشن یا سرکاری واٹس ایپ نمبر کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔