اسلام آباد:انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے 24اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پولیس کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد علی، جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب، ارشد عمرزئی، زر عالم، میاں عمر اور اختر خان کے پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کا حکم دیا۔
عدالت کے حکم کے مطابق ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان اور بابر سلیم سواتی کے پاسپورٹ بھی بلاک کیے جائیں گے۔
اسی طرح عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق مذکورہ افراد مقدمے میں نامزد ہیں۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں، جبکہ ان پر ریاستی اداروں پر حملوں اور دہشت گردی کے فروغ سمیت سنگین الزامات عائد ہیں۔
عدالت نے مزید کہا کہ نامزد ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے، جبکہ عبوری ضمانت حاصل کرنے والے ملزمان بھی تاحال مقدمے میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔ عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ہدایت کی کہ اگلے احکامات تک مذکورہ ملزمان کے پاسپورٹ بلاک رکھے جائیں