کاٹلنگ (نمائندہ پختونخوا نیوز) ضلع مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقے چیچاڑ میں واقع گورنمنٹ پرائمری سکول کی عمارت انتہائی خستہ حال ہونے کے باعث طلبہ اور اساتذہ کے لیے خطرے کا باعث بن گئی ہے۔ بوسیدہ عمارت کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سکول کی عمارت طویل عرصے سے حکومتی توجہ کی منتظر ہے، جبکہ اس کی موجودہ حالت نے طلبہ کو خوف کے سائے میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ عمارت کی بوسیدہ حالت کسی بھی وقت سنگین حادثے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔
اہل علاقہ نے حکومت اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ پرائمری سکول چیچاڑ کی عمارت کا فوری معائنہ کرایا جائے اور طلبہ کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مرمت یا نئی عمارت کی تعمیر کے اقدامات کیے جائیں۔