دیر بالا:کوئٹہ کے علاقے شارگہ کی کوئلہ کان میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں دیر بالا کے تین محنت کش نوجوان جاں بحق جبکہ پانچ شدید زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 17سالہ عبیداللہ، 25 سالہ علی زاہد اور 23 سالہ یار ذادہ شامل ہیں جن کا تعلق دیر بالا کے ایک ہی گاؤں سے بتایا گیا ہے۔
واقعے کے بعد جاں بحق نوجوانوں کی نعشیں آبائی علاقے منتقل کی گئیں، تاہم انہیں فلائنگ کوچ کی چھت پر لانے پر اہل علاقہ مشتعل ہوگئے۔
مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے نعشوں کی منتقلی کے طریقہ کار پر احتجاج کیا۔
نعشیں گائوں پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہوگئی، جاں بحق نوجوانوں کے اہلخانہ اور علاقہ مکین غم سے نڈھال ہیں۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شارگہ میں پیش آنے والے حادثے میں پانچ دیگر محنت کش بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔