ضلع صوابی میں کمسن بچی ہراسگی سے بچ گئی، بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کی غرض سے زبردستی لے جانے کی کوشش کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد زیب ولد دلاور خان، ساکن ٹھنڈکوئی کے نام سے ہوئی ہے۔ سیاحتیمقامات دریافت کریں
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی سرکل ٹوپی نیاز گل خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ ٹوپی فواد خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی، اس دوران پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ تبادلہ کے نتیجے میں محمد زیب زخمی حالت میں پولیس کے ہاتھ لگ گیا، جسے بعد ازاں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈی پی او صوابی وقاص رفیق نے کہا کہ بچوں کا تحفظ اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حساس نوعیت کے مقدمات میں متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تفتیش کی جارہی ہے