وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوہاٹ پولیس لائنز دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو افسوس ناک قرار دیدیا، اور پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا یہ بزدلانہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے، انہوں نے واقعے میں متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کر دی۔
زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں زخمیوں کے فوری علاج اور ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شدید زخمی افراد کو طبی ضرورت کے مطابق دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے بھی تمام ضروری انتظامات کیے جائیں تاکہ انہیں بروقت اور بہتر علاج فراہم کیا جاسکے۔
پولیس حکام سے رپورٹ طلب
کوہاٹ پولیس لائنز دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا افسوسناک
وزیراعلیٰ نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے اور دہشت گردی کی ایسی کارروائیوں کو کسی صورت قابل قبول نہیں سمجھا جاسکتا۔
قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ واقعے کے بعد امدادی، طبی اور سکیورٹی اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی مکمل چھان بین کی جائے