چارسدہ (نمائندہ پختونخوا نیوز) چارسدہ میں سیاسی وابستگی تبدیل کرنے کے معاملے پر فائرنگ کے نتیجے میں ہمایون خٹک جاں بحق جبکہ طارق خان شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ تھانہ چارسدہ کی حدود رضا خان کلے، میرہ اتمانزئی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم وجوہات پر فائرنگ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ہمایون خٹک شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ طارق خان کو بھی گولیاں لگیں، جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی طارق خان نے اپنے بیان میں فاروق خٹک کے خلاف دعویداری کی ہے۔ پولیس کو دیے گئے بیان میں واقعے کی وجہ عناد مقتول ہمایون خٹک کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی سے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنا بتائی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمایون خٹک کی جانب سے 24 ستمبر کو اے این پی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان متوقع تھا، تاہم اس حوالے سے پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے جبکہ مقدمے میں نامزد شخص کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فائرنگ کے اصل محرکات اور واقعے میں ملوث افراد کے بارے میں مزید معلومات سامنے آسکیں گی۔