کرم (ویب ڈیسک) ضلع کرم کے اپر کرم میں مائن دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جسے مقامی افراد نے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پیواڑ کی حدود میں پیواڑ خمزے کلی کے مقام پر مائن دھماکہ ہوا، جس کی زد میں آکر شبیر حسین ولد نوروز علی شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد موقع پر پہنچے اور زخمی کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال پاراچنار منتقل کیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقے میں اس سے قبل بھی مائن دھماکوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی میں تشویش پائی جاتی ہے۔ تازہ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے دھماکے کی نوعیت اور اسباب جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔