چارسدہ (نمائندہ پختونخوا نیوز) چارسدہ کے علاقے حویزو پیران میں زبانی تکرار پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں بھائی نے مبینہ طور پر اپنے بڑے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، جبکہ واقعے میں ایک اور بھائی شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ تنگی کی حدود حویزو پیران میں بھائیوں کے درمیان زبانی تکرار کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں محمد عمر کے بڑے بیٹے نادر کو گولیاں لگیں، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
فائرنگ کے دوران دوسرا بھائی مدثر ولد محمد عمر بھی شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور ابتدائی تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کے مطابق واقعے میں چھوٹے بھائی کی جانب سے مبینہ فائرنگ کیے جانے کی اطلاع ہے، تاہم واقعے کے اصل محرکات اور فائرنگ کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث ملزم کی گرفتاری اور مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔