پشاور (ویب ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فارمیشنز کو ہمہ وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ان کی ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور سیکیورٹی فورسز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔