درگئی (نمائندہ پختونخوا نیوز) ضلع مالاکنڈ کی تحصیل درگئی کے علاقے گھڑی عثمانی خیل میں رات گئے فائرنگ کے دلخراش واقعے میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات گئے پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں درگئی ہسپتال منتقل کردیں۔
مالاکنڈ لیویز ذرائع کے مطابق مقتولین کی شناخت عطاء اللہ اور مسماۃ رابعہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد لیویز اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔
لیویز کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ فائرنگ کے محرکات جاننے اور ملزمان تک پہنچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ واردات کے بعد علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے۔