پشاور(بیورورپورٹ)ویب ڈیسک: لانگ مارچ کے حوالے سے بالآخر چہ مگوئیاں دم توڑ گئیں، صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کا پلان جاری کر دیا، جس میں انہوں نے ہر دن کے حوالے سے تفصیل بیان کی ہے ۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ کا پلان جاری کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مارچ کل 4 اکتوبر سے شروع ہوگا، اور اس کے ابتدائی 6 سے 7 روز خیبرپختونخوا میں لگیں گے اور مختلف اضلاع میں پڑاو کیا جائیگا۔
انہوں نے بتایا کہ 4 اکتوبر کو ضلع لکی مروت، 5 اکتوبر کو کرک اور کوہاٹ کے اضلاع پھر 6 اکتوبر کو پشاور، 7 اکتوبر کو پشاور ریجن اور پھر 8 اکتوبر کو صوابی روانگی ہوگی۔
صوبائی حکومتی ترجمان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے ابتدائی 6 سے 7 روز خیبرپختونخوا میں لگیں گے، چارسدہ، نوشہرہ اور مردان کے اضلاع سے ہوتے ہوئے صوابی میں مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے کارکن جوائن کریں گے۔
یاد رہے کہ لانگ مارچ کا اعلان وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کیا تھا، تاہم پہلے اس کی تاریخ 27 ستمبر رکھی گئی تھی، اس کے بعد اب 4 اکتوبر رکھی گئی ہے، جس کے حوالے سے باقاعدہ روانگی اور ترتیب وار پڑاو کے مقامات کا اعلان کر دیا گیا ہے