پشاور:پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے آغاز کے اعلان کے بعد گورنر ہائوس پشاور کے افسران اور ملازمین کو ہنگامی بنیادوں پر طلب کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اتوار کی ہفتہ وار تعطیل کے باوجود گورنر ہاؤس کے مختلف سیکشنز سے افسران اور عملے کو فوری طور پر طلب کیا گیا ہے۔
متعلقہ ملازمین کو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اپنی ڈیوٹی پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد فریقین میں اتفاق رائے نہ ہوسکا اور مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔
مذاکرات کی ناکامی کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کے اعلان کے مطابق لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ گنڈی چوک، لکی مروت سے شروع کیا جا رہا ہے، جہاں سے قافلہ مختلف اضلاع سے ہوتا ہوا 8 اکتوبر کو خیرآباد پہنچے گا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لانگ مارچ کی قیادت کے لیے لکی مروت پہنچ چکے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر خان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے لانگ مارچ کے حوالے سے سخت موقف اختیار کیا ہے اور اسے روکنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
موجودہ صورتحال کے باعث پشاور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں سیاسی اور انتظامی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں