بنوں; ٹی ایم اے ملازمین یونین بنوں کا رجسٹریشن کے عمل اور ملازمین کو درپیش مسائل کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ٹی ایم اے ہال میں منعقد ہوا، جس میں ملازمین کے حقوق کے تحفظ، ادارے کی مالی صورتحال بہتر بنانے اور عوامی خدمات کا معیار بلند کرنے کیلئے مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونین کے صدر حاجی نذیر اللہ اعوان، جنرل سیکرٹری حافظ کریم داد اور سابق صدر توصیف خان نے کہا کہ ٹی ایم اے ملازمین یونین کی رجسٹریشن کا عمل مؤثر انداز میں مکمل کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے جائز حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کا حل یونین کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کیلئے متعلقہ فورمز پر آواز اٹھائی جائے گی۔
یونین عہدیداران نے ٹی ایم او فخرِ اسلام کی جانب سے بقایاجات کی وصولی کیلئے جاری ریکوری مہم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالی معاملات کی بہتری کیلئے ریکوری کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وصول ہونے والی رقم کو دیگر مدات میں خرچ کرنے کے بجائے ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور واجبات کی ادائیگی کو ترجیح دی جائے۔
اجلاس میں میونسپل کمیٹی سے باہر مختلف افراد کو فراہم کیے جانے والے فیول پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ ملازمین نے مطالبہ کیا کہ غیر ضروری فیول کی فراہمی بند کی جائے اور سرکاری وسائل کا استعمال صرف ادارے کی ضروریات اور عوامی خدمات کیلئے یقینی بنایا جائے۔
ملازمین نے سابق ٹی او آر کے دور سے متعلق بعض مالی معاملات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریکوری کی رقم جمع نہ کرانے اور دستخط شدہ رسیدوں و چالان پر مبینہ جعلی مہروں کے استعمال کے معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے نتیجے میں اگر کسی فرد کی ذمہ داری ثابت ہو تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یونین عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ معاہدوں کے مطابق واجب الادا رقوم جمع نہ کرانے والے ٹھیکیداروں سے بقایاجات کی فوری وصولی کی جائے اور عدم ادائیگی کی صورت میں متعلقہ ٹھیکے منسوخ کیے جائیں۔
مقررین نے کہا کہ ٹی ایم اے کی مالی حالت بہتر ہونے سے ملازمین کو بروقت تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی ممکن ہوگی جبکہ ادارے کی انتظامی کارکردگی اور عوامی خدمات میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے مالی معاملات میں شفافیت اور ریکوری کے نظام کی مؤثر نگرانی کو ناگزیر قرار دیا۔
اجلاس کے شرکاء نے ٹی ایم اے بنوں کو مضبوط، فعال اور مالی طور پر مستحکم ادارہ بنانے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس کے اختتام پر ٹی ایم اے ملازمین یونین کو باقاعدہ رجسٹرڈ کرانے پر اتفاق کرتے ہوئے رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔