خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے کارروائیوں کے سبب لکی مروت بڑی تباہی سے بچ گیا، لکی مروت میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک زخمی مشتبہ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گنڈی چوک کے مقام پر پیش آیا جہاں کالے شیشوں والی ایک مشکوک موٹر کار کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لکی مروت پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ گنڈی چوک پر کالے شیشوں والی ایک مشکوک گاڑی موجود ہے، پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو اس میں سوار مشتبہ افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں سوار خودکش بمبار سمیت دو خوارجیوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ایک زخمی مشتبہ شخص فرار ہوگیا، جس کا تعاقب جاری ہے۔ یوں ضلع لکی مروت بڑی تباہی سے بچ گیا۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر مشکوک گاڑی کی تلاشی کے دوران اسلحہ اور دیگر مشکوک اشیاء برآمد ہوئی ہیں، برآمد ہونے والے سامان کی نوعیت کے پیش نظر مشتبہ افراد کے ممکنہ عزائم کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم اس حوالے سے حتمی حقائق تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔
واقعے کے بعد پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ، علاقے میں سرچ آپریشن، نگرانی اور فرار ہونے والے زخمی مشتبہ شخص کی تلاش جاری ہے۔
ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں پولیس نے تحویل میں لے کر ان کی شناخت کا عمل شروع کردیا ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا نے کارروائی کے دوران دو مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر لکی مروت پولیس کے اہلکاروں کو خصوصی شاباش دی ہے، اور کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم پولیس کے جوان قوم کے ہیروز ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پولیس کی جدوجہد جاری رہے گی