معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کوہاٹ میں دہشت گردوں کی پولیس گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، صوبائی حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں دہشت گردوں کی پولیس گاڑی پرفائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، دہشتگردوں کےبزدلانہ حملے میں ڈی ایس اور اے ایس آئی سمیت چار پولیس اہلکاروں کی شہادت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، پولیس افسران اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو کسی صورت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ ایسے بزدلانہ واقعات میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، انھیں کیفر کردار تک پہنچا یا جائے گا، صوبائی حکومت دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ایسے بزدلانہ حملے صوبائی حکومت اور قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
معاون خصوصی اطلاعات نے بتایا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، فائرنگ سے تین زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی اور شہداء کے بلند درجات کے لئے دعا گوں ہیں۔
