لوئردیر: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل افریدی نے 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کردیا، جس سے نہ صرف 40.8 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی بلکہ اس سے نیشنل گرڈ کو تجارتی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی بھی شروع ہو جائے گی۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اس منصوبے سے سالانہ ملینز یونٹ صاف اور ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی، ہزاروں گھروں کو آلودگی سے پاک توانائی کی فراہمی ممکن ہوگی ، جبکہ یہ منصوبہ مقامی روزگار اور صنعتوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیراعلیٰ سہیل افریدی نے 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں سستی بجلی پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، اس موجودہ پراجیکٹ سے سالانہ 2.4 ارب روپے آمدنی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین نے جو منصوبے شروع کیے تھے، ان پر فخر ہے، انہیں ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، ترقیاتی منصوبوں کے لیے این او سی نہ ملنے سے صوبے کو مشکلات کا سامنا ہے، مئی سے نومبر تک صوبائی حکومت کو ایک بھی این او سی نہیں ملا۔
