خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دلخراش واقعہ، علاقہ درے دڑیز میں عسکریت پسندوں کی جانب سے امن کمیٹی کے دفتر پر حملہ کیا گیا ہے، جس میں 7 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
یہ واقعہ تھانہ ہوید کی حدود درے دڑیز میں پیش آیا، جہاں مسلح جتھوں نے امن لشکر کے سربراہ قاری جلیل کے دفتر پر حملہ کیا، اس واقعہ کے بعد علاقے میں حالات ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیا، جس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق امن کمیٹی کے دفتر پر حملہ کے دوران مسلح افراد نے امن کمیٹی کے سربراہ قاری جلیل کے دفتر کو نشانہ بنایا، مقتولین میں دانش، کامران، ولی اللہ، سفیان، محمد نیاز، نعمان اور سفیان شامل ہیں۔ پولیس کی جانب سے واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں
