پشاور ہائی کورٹ میں جمیعت لائرز فورم اور ملگری وکیلان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئینی بالادستی کیلئے متحدہ کوششوں کا اعادہ کیا۔
صدر جمیعت لائرز فورم جلال الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ بار کونسل کے انتخابات میں وکلاء نے اپنے نمائندے منتخب گئے ہیں، بار کونسل میں ملگری وکیلان نے 12 سیٹیں جیت کر واضح برتری حاصل کی ۔جلال الدین ایڈوکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ جمیعت لائرز فورم نے تین سیٹیں جیتی ہے، جمیعت لائرز فورم اور ملگری وکیلان اتحاد میں رہیں گے، اور آئین کی بالادستی کے لئے اکٹھے جہدوجہد کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وکلاء کے مفادات کا ہر لحاظ سے تحفظ کیا جائَے گا، بار کونسل الیکشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی وکلاء ونگ کا کردار بھی انتہائی افسوناک رہا، کرک میں احمد فاروق حٹک کو شکست دینے کے لئے وفاقی حکومت نے اپنی سرکاری اختیارات اور پیسہ کا استعمال کیا۔صدر ملگری وکیلان رفیق مہمند ایڈوکیٹ نے کہا کہ جمیعت لائرز فورم نے ہمیں سپورٹ کیا، اس پر شکر گزار ہیں، اس موقع پر ملک میں جمہوریت اور قانون و آئینی بالادستی کیلئے جمیعت لائرز فورم اور ملگری وکیلان کا متحدہ کوششوں کا اعادہ کیا گیا۔
رفیق مہمند ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی کے لئے اکٹھے تحریک چلائیں گے، بار کونسل کے الیکشن میں ریٹرن افسر کا کردار انتہائی افسوناک تھا، الیکشن سے دو تین دن پہلے صوبائی حکومت نے کروڑوں روپے بار ایسوسی ایشنز میں تقسیم کئے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وکلاء کو بکاؤ مال سمجھ رہے تھے، جبکہ وکلاء نے ان کی تمام تر سوچ غلط ثابت کر دی، بار کونسل الیکشن میں خود بھی امیدوار تھا، اور الیکشن رزلٹ میں ٹاپ پر رہا، اور پھر بعد میں میرے ووٹ کو کم کیا گیا،جب گھر پہنچا تو کال آئی اور بتایا گیا کہ آپ کے ووٹ تو کم ہوگئے ہیں۔
صدر ملگری وکیلان نے کہا کہ ریٹرننگ افسر رات کے وقت بار کونسل میں بیٹھ کر کسی کو کامیاب اور کسی کو ناکام قرار دے رہے تھے، لیکن اس تمام تر صورتحال کے باوجود ان کی سوچیں بکھر گئیں، ریٹرننگ افسر اور پریزائیڈنگ افسر کے خلاف کارروائی کے لئے بھی درخواست دینگے۔ان کا کہنا تھا کہ کرک میں ملگری وکیلان کے امیدوار احمد فاروق کے مقابلے میں جو امیدوار تھا وہ سب کا امیدوار تھا، ایک دن مسلم لیگ ن نے نوٹیفکیشن جاری کیا کہ یہ ہمارا امیدوار یے، دورسرے دن پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ ہمارا امیدوار ہے، تیسرے دن پیپلز لائرز فورم نے نوٹیفکیشن جاری کیا کہ یہ ہمارا امیدوار ہے۔صدر رفیق مہمند نے کہا کہ ملگری وکیلان کے امیدوار احمد فاروق حٹک کو ہرانے کے لئے یہ سب اکٹھے ہوئے، لیکن پھر بھی ان کو شکست ہوئی۔
ممبر خیبرپختونخوا بار کونسل احمد فاروق حٹک ایڈووکیٹ نے بھی جمیعت لائرز فورم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بار کونسل میں ہمیں جمیعت لائرز فورم نے سپورٹ کیا، جس کی جتنی ستائش کی جائَے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء کے مسائل حل کرنے کے لئے دوسرے امیدواروں کو بھی دعوت دیتے ہیں، کہ آئیں اور مل کر مسائل حل کریں، الیکشن میں ریٹرننگ افسر کا جو کردار رہا اس پر چیف جسٹس اور اٹارنی جنرل کو لکھوں گا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن میں ریٹرننگ افسر کسی جج کو مقرر ہونا چاہیئے۔احمد فاروق ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ ہمارا راستہ روکنے کے لئے غیر جمہوری طریقے بھی اپنائے گئے، میں اپنے علاقے کے وکلاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انھوں نے مجھے پانچ بار منتخب کیا، الیکشن سے ایک دن پہلے کروڑوں روپے دیکر وکلاء کے مسائل حل نہیں ہونگے۔معروف قانون دان کا کہنا تھا کہ وزیر قانون کو کہا ہے کہ نئے وکلاء کی بہتری کے لئے فنڈ دیا جائے، تاکہ وکلاء کے بنیادی ضروریات کو پورا کیا جائے، ہم نے 13 سال میں پی ٹی آئی کے صوبائی حکومت کے خلاف کبھی احتجاج نہیں کیا، صوبائی حکومت نے لاھور بار ایسوسی ایشن کو کروڑوں روپے دیئے, یہ غیر قانونی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہمیں احتجاج پر مجبور کیا جارہا ہے، 27 ویں ترمیم کا مسودہ ابھی تک نہیں ایا، آئینی عدالتوں کو ہم سپورٹ کررہے ہیں، صوبائی خود مختاری کو چھیڑا گیا تو پھر ہم سڑکوں پر ہونگے، اس کے خلاف تحریک چلائیں گے، تمام تر آئینی مسائل حل کرنے کیلئے جمیعت لائرز فورم اور ملگری وکیلان ساتھ ساتھ رہیں گے.
