مردان (نمائندہ خصوصی)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحصیل کاٹلنگ، مردان میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال اور پاک افغان پالیسی پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 27ویں آئینی ترمیم کیلئے جعلی مینڈیٹ تیار کیا گیا اور عوامی نمائندگی کو کمزور کر کے جمہوری روح کو مجروح کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، جبکہ بھارت اور بنگلادیش معاشی طور پر پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے خلاف بھی تحریک چلائی اور موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے خلاف بھی آواز بلند کرتے رہیں گے، کیونکہ عوام مزید دھوکوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی میدان میں لوگوں کو خریدا گیا اور آج ہم اپنوں کی وجہ سے ہی غیر محفوظ ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے عمران خان سے گلہ تھا، لیکن موجودہ حکمرانوں نے بھی عوام کو شدید مایوسی سے دوچار کیا ہے
