مردان (نمائندہ خصوصی)گرلز کیڈیٹ کالج مردان میں نئے تعلیمی سال 2025 کے داخلوں کے لیے منعقدہ انٹری ٹیسٹ میں 600 سے زائد طالبات کی شرکت نے ادارے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اعتماد کو نمایاں کردیا۔ داخلہ ٹیسٹ کے دوران کالج انتظامیہ کی جانب سے رجسٹریشن، بایومیٹرک تصدیق اور امتحانی عمل کے لئے محفوظ، پرسکون اور منظم ماحول فراہم کیا گیا۔ پرنسپل گرلز کیڈیٹ کالج مردان طاہرہ مزمل نے کہا کہ بڑی تعداد میں شرکت والدین کے ادارے پر اعتماد اور طالبات کے روشن مستقبل سے جڑے امیدوں کا اظہار ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ میں شریک تمام طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محنت اور لگن سے کوئی بھی ناممکن کام ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرلز کیڈیٹ کالج مردان، خیبر پختونخوا میں معیاری تعلیم، نظم و ضبط، کردار سازی اور قیادت کی صلاحیتوں کے فروغ کے حوالے سے منفرد شناخت رکھتا ہے۔ ٹیسٹ کے نتائج مقررہ شیڈول کے مطابق کالج کی آفیشل ویب سائٹ اور نوٹس بورڈ پر جاری کیے جائیں گے۔
