سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا (غواخوا) میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی کو خودکش حملے سے قبل ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جس سے وانا اور گردونواح کی شہری آبادی ایک بڑی تباہی سے محفوظ رہی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے تیار کی گئی گاڑی میں بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد موجود تھا، جسے کسی بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے جدید انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر گاڑی کی مسلسل تین روز تک نگرانی کی اور اسے آبادی سے دور لے جانے کے بعد کارروائی کی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کامیاب آپریشن کے نتیجے میں بارودی مواد سے بھری گاڑی تباہ کر دی گئی، اس دوران ایک موٹر سائیکل بھی تباہ کر دی گئی، جبکہ اس آپریشن کے دوران ایک خارجی ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوئے۔دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام باننے کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ کارروائی انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کی گئی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔