شیرگڑھ (نمائندہ پختونخوا نیوز) تھانہ لوندخوڑ کی حدود اتحاد کالونی جھاڑے ہاتھیان میں سابقہ دلبدی کی بنا پر مبینہ طور پر فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو قتل کردیا گیا، جبکہ واردات کے بعد نامزد ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ پولیس نے مقتول یاسر عباس کے والد کی مدعیت میں دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت 25 سالہ یاسر عباس ولد ناصر خان اور 29 سالہ عمران ولد امیرزادہ، ساکنان اتحاد کالونی جھاڑے ہاتھیان، کے طور پر ہوئی ہے۔ مقتول یاسر عباس کے والد ناصر خان نے تھانہ لوندخوڑ میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے یاسر عباس، مدثر عباس اور دیگر اہلخانہ کے ہمراہ گھر میں کھانا کھانے کے بعد بیٹھے بات چیت کررہے تھے کہ اس دوران یاسر عباس کے موبائل فون پر ایک کال آئی۔ کال موصول ہونے کے بعد یاسر گھر سے باہر چلا گیا۔
مدعی کے مطابق کچھ ہی دیر بعد اچانک فائرنگ کی آواز سنائی دی۔ وہ اپنے بیٹے مدثر عباس کے ہمراہ فوری طور پر گھر سے باہر نکلا تو جائے وقوعہ پر یاسر عباس اور عمران خون میں لت پت زخمی حالت میں پڑے تھے۔ یاسر عباس نے بتایا کہ خان ولد جمعہ گل اور سدیس ولد خان، ساکنان شینگرئی غاور کلے سخاکوٹ، نے انہیں قتل کرنے کی نیت سے اسلحہ آتشیں سے فائرنگ کی اور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔
دونوں زخمیوں کو فوری طور پر علاج معالجے کے لیے ہسپتال لوندخوڑ منتقل کیا جارہا تھا تاہم شدید زخمی ہونے کے باعث دونوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ پولیس نے لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کرنے کے لیے قانونی کارروائی شروع کردی۔
مدعی نے پولیس کو بتایا کہ نامزد ملزمان کے ساتھ سابقہ دلبدی ہی واقعے کی وجہ عناد ہے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں بھی جاری ہیں۔