جمرود (دلاور خان آفریدی) تحصیل جمرود میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بازار سے لاپتہ ہونے والی دو بچیوں کو بازیاب کرا لیا۔ بازیاب ہونے والی بچیوں میں 15 سالہ فاطمہ اور 8 سالہ نازیہ شامل ہیں، دونوں کا تعلق بازار زخہ خیل سے بتایا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں بچیوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم دلوانے کا جھانسہ دے کر بلایا گیا تھا۔ رقم ملنے کی اطلاع دینے والے شخص نے بعدازاں اپنا موبائل فون بند کردیا، جس کے بعد بچیوں کے لاپتہ ہونے پر ان کے والد نے متعلقہ تھانے میں درخواست جمع کرائی۔
درخواست موصول ہونے پر ایس ایچ او صدیق خان نے فوری طور پر تحقیقات شروع کیں۔ پولیس نے مختلف موبائل نمبرز اور متعلقہ افراد سے حاصل ہونے والی معلومات کا جائزہ لیا، جس کے نتیجے میں لاپتہ دونوں بچیوں کا سراغ لگا کر انہیں بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔
پولیس کی بروقت کارروائی پر اہل خانہ اور شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بچیوں کو رقم کا جھانسہ دے کر بلانے والے عناصر کا بھی سراغ لگا کر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔