جنوبی وزیرستان میں بارودی مواد کا دھماکہ، 2بچے زخمی
جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں مبینہ طور پر پرانی لینڈ مائن یا مارٹر گولہ پھٹنے سے دو بچے زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا منتقل کردیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق زخمی بچوں کی شناخت عمران اور خان سید کے نام سے ہوئی ہے، ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچوں کو زمین سے ایک پرانا مارٹر گولہ ملا تھا، جسے انہوں نے اٹھا لیا اور مبینہ طور پر اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔ اسی دوران گولہ اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں دونوں بچے زخمی ہوگئے۔ بچوں کے والدین نے بھی واقعے کی تصدیق کی ہے۔
تاہم دھماکے میں استعمال ہونے والے مواد اور واقعے کی حتمی نوعیت کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔
ڈی ایس پی نادر خان کے مطابق واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کرلی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجہ اور نوعیت کا تعین کیا جاسکے۔
دوسری جانب اہل علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے ساتھ علاقے میں موجود ممکنہ بارودی سرنگوں، پرانے مارٹر گولوں اور دیگر خطرناک جنگی مواد کی نشاندہی کرکے انہیں محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے۔