چارسدہ:تھانہ سرڈھیری کی حدود میں رشتہ سے انکار پر مسلح افراد کی جانب سے گھر میں داخل ہوکر کم عمر لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق گل آباد میرہ کی رہائشی خاتون نے رپورٹ درج کراتے ہوئے مقف اختیار کیا کہ اس کا شوہر محنت مزدوری کے سلسلے میں گھر سے باہر تھا، اس دوران اس کے بھائی ریاض، بھتیجے شوکت اور دو نامعلوم مسلح افراد مبینہ طور پر گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے۔
مدعیہ کے مطابق ملزم شوکت نے اس کی کم عمر بیٹی کو مبینہ طور پر زبردستی شادی کی غرض سے گاڑی میں بٹھایا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
رپورٹ کے مطابق شوکت نے اس سے قبل بھی لڑکی کا رشتہ مانگا تھا، تاہم اہل خانہ نے انکار کردیا تھا کیونکہ لڑکی کا رشتہ پہلے ہی خاندان کے ایک نوجوان سے طے ہوچکا تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے نامزد اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری جبکہ مبینہ طور پر اغوا ہونے والی لڑکی کی بازیابی کے لیے تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور لڑکی کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں