اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشے، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100روپے فی لیٹر ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور دیگر دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20لیٹرجبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ماہانہ 30لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں اس ریلیف کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک بھر، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، میں ریلیف بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے نافذ کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے۔ عوام کو ریلیف حاصل کرنے کے طریقہ کار سے آگاہی مہم کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکیم کی رجسٹریشن کے لیے موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی پر صوبائی حکومتوں کے شکر گزار ہیں۔