جمرود (دلاور خان آفریدی) ضلع خیبر کے علاقے زخہ خیل بازار میں دو بچیوں کے مبینہ اغوا کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا، نامزد ملزم شاکر اللہ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔ سرکاری و مقامی ذرائع کے مطابق چند روز قبل زخہ خیل قبیلے سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ فاطمہ اور 8 سالہ نازیہ کو جمرود بازار کی زنانہ انتظار گاہ سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران دونوں بچیوں کو بازیاب کرلیا تھا، جس کے بعد شاکر اللہ کو مبینہ اغوا میں ملوث قرار دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بچیوں کے خاندان کے افراد نے زخہ خیل امن تنظیم کے ارکان کی مدد سے شاکر اللہ کو زخہ خیل بازار میں گھیر کر گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم اس دوران فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں شاکر اللہ ہلاک ہوگیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی صورتحال اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزم کی ہلاکت کے حالات اور ذمہ داری کا حتمی تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔