پشاور (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایک واقعہ ارمڑ اور دوسرا تھانہ خزانہ کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے شہریوں کو قتل کردیا۔ پولیس نے دونوں واقعات میں نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
ارمڑ بالا میں نامعلوم افراد نے 40 سالہ زمیندار رحیم خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول گزشتہ شام اراضیات میں کام کرنے کے لیے گھر سے نکلا تھا تاہم واپس نہ پہنچا۔ اہلخانہ اس کی تلاش میں تھے کہ اگلی صبح ارمڑ بالا ہوائی ونڈ کے علاقے میں اس کی قتل شدہ نعش ملی۔
مقتول کی بہن کے مطابق ان کے خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ ورثا نے بتایا کہ رحیم خان گھر کا واحد کفیل تھا، جس کا 3 سالہ بیٹا بھی ہے جبکہ وہ اپنی بیمار والدہ اور بہنوں کا واحد سہارا تھا۔
دوسرے واقعے میں تھانہ خزانہ کی حدود بیڑئی گودر شاہ عالم، تخت آباد کے مقام پر 38 سالہ محمد وصال کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقتول کے بھائی جہانگیر کے مطابق وہ فقیر آباد میں اپنی دکان پر موجود تھا کہ اسے اطلاع ملی کہ محمد وصال کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے پر بھائی کی خون میں لت پت نعش پڑی تھی۔
مدعی کے مطابق ان کی بھی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔ پولیس نے دونوں مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔ ارمڑ واقعے میں مقتول کے موبائل ڈیٹا جبکہ خزانہ کے واقعے میں سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے نامعلوم ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔