تخت بھائی (حیات اللہ اختر) مین ملاکنڈ روڈ پر سری بہلول پولیس چوکی پر گزشتہ شب نامعلوم دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود دو پولیس کانسٹیبل عاکف خان اور محمد شاہ شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کی بروقت جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قائم مقام ڈی پی او مردان و ایس پی انویسٹی گیشن ماریہ مصطفیٰ، ایکٹنگ ڈی ایس پی تخت بھائی سرکل پرویز خان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم اور ایمبولینس بھی موقع پر پہنچ گئی اور شدید زخمی دونوں پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور نگرانی کا عمل جاری ہے جبکہ پولیس نے حملے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ بعد ازاں قائم مقام ڈی پی او مردان ماریہ مصطفیٰ PSP اور دیگر پولیس افسران نے ہسپتال پہنچ کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ قائم مقام ڈی پی او نے متعلقہ حکام کو زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور علاج معالجے میں ہر ممکن تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی۔