ایف آئی اے مردان کی کارروائی، مقدمے میں مطلوب خلیل خان حراست میں لے لیا گیا، 51 لاکھ 19 ہزار روپے کی مبینہ خردبرد کا الزام
مردان(نمائندہ پختونخوا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) مردان نے سرکاری رقم میں مبینہ خردبرد کے الزام میں کارروائی کرتے ہوئے ڈاکخانہ زیدہ کے پوسٹ ماسٹر خلیل خان کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم ایک مقدمے میں ادارے کو مطلوب تھا اور اس کے خلاف سرکاری رقم میں مبینہ بے ضابطگی اور خردبرد کا مقدمہ درج ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم پر سرکاری رقم میں مبینہ طور پر 51 لاکھ 19 ہزار روپے کی خردبرد کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے مردان نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی اور اسے حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق ملزم سے مقدمے کے حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ مبینہ خردبرد کے طریقہ کار اور دیگر متعلقہ معاملات کا تعین کیا جاسکے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران دستیاب ریکارڈ اور دیگر شواہد کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مقدمے میں قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔